جہلم (پی ٹی وی نیوز) ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ کی ہدایات پر ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں اور شجرکاری مہم جاری ہے۔ محکمہ تحفظ ماحولیات جہلم نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران فضائی اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک اور قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں مختلف کارروائیاں کیں۔
تفصیلات کے مطابق زگ زیگ ٹیکنالوجی کی خلاف ورزی پر 2 اینٹوں کے بھٹوں کو مجموعی طور پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 2 اسٹون کرشرز کو سیل کرکے ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
اسی طرح پابندی کے باوجود سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال اور فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 375 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی پر 2 صنعتی یونٹس کو بھی موقع پر سیل کر دیا گیا۔
دوسری جانب ماحول دوست اقدامات اور سرسبز جہلم کے فروغ کے لیے محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے شجرکاری مہم بھی جاری ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ضلع کو سرسبز بنانا ہے۔




