چوہدری عابد محمودجہلم (پی ٹی وی نیوز) ٹول ٹیکس میں مسلسل اضافے کے باوجود عوام کو سفری سہولیات نہ مل سکیں، جہلم بائی پاس سمیت مختلف مقامات پر ٹوٹ پھوٹ، گڑھوں اور خراب سڑکوں نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں۔ جہلم سے راولپنڈی تک سفر کرنے والے شہریوں اور مسافروں کو ٹول ٹیکس کی مد میں بھاری رقوم ادا کرنے کے باوجود معیاری سفری سہولیات میسر ہی نہیں۔ ایک جانب مختلف مقامات پر ٹول پلازوں کی تعداد اور ٹول ٹیکس میں اضافہ اور دوسری جانب سڑکوں کی خستہ حالی، جگہ جگہ پڑے گڑھے اور ٹوٹ پھوٹ مسافروں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔
گزشتہ دو برس کے دوران ٹول ٹیکس میں چار گنا اضافہ ہوا ہے، تاہم اس کے باوجود سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور مسافروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔ مسافروں کی جانب سے بالخصوص جہلم بائی پاس اور دیگر متاثرہ شاہراہوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف مقامات پر سڑک کی سطح اکھڑی ہوئی ہے، جبکہ گہرے گڑھے اور ٹوٹی ہوئی سڑکیں گاڑیوں کی آمدورفت کو دشوار بنا رہی ہیں۔ ایسی صورتحال میں نہ صرف گاڑیوں کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ موٹر سائیکل سواروں اور دیگر مسافروں کے لیے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹول ٹیکس کی وصولی کا بنیادی مقصد شاہراہوں کی دیکھ بھال، مرمت، بہتری اور مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہوتا ہے۔ اگر عوام سے مسلسل ٹول ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے تو متعلقہ اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سڑکوں کو قابلِ استعمال حالت میں رکھیں اور سفر کو محفوظ بنائیں۔
دوسری جانب ٹول پلازوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں بھی مسافروں کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہیں۔ رش کے اوقات میں گاڑیوں کی لمبی لائنوں کے باعث شہریوں کو اضافی وقت ضائع کرنا پڑتا ہے، جبکہ بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے سفر مزید طویل ہو جاتا ہے۔
عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ جب ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا جاتا ہے تو اس کے ساتھ سڑکوں کی حالت، مرمت، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر سہولیات میں بہتری کیوں نظر نہیں آتی؟ ٹول پلازوں پر وصول کی جانے والی رقوم کہاں خرچ ہو رہی ہیں اور شاہراہوں کی مرمت کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں؟ ان سوالات کے جوابات متعلقہ حکام کو عوام کے سامنے رکھنے چاہییں۔
شہریوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم سے راولپنڈی تک شاہراہوں اور بائی پاسز کا فوری سروے کروایا جائے، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائے، ٹول پلازوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جائے اور ٹول ٹیکس کی وصولی و استعمال سے متعلق تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹول ٹیکس میں اضافے کے ساتھ عوام کو بہتر سڑکیں، محفوظ سفر اور بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جانی چاہییں۔ محض ٹیکس اور فیسوں میں اضافہ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے، جبکہ اس کے بدلے سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ جہلم سے راولپنڈی تک سفر کرنے والے شہری کب تک بھاری ٹول ٹیکس ادا کرنے کے باوجود ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، گڑھوں اور ٹریفک جام کا سامنا کرتے رہیں گے؟ متعلقہ حکام اس صورتحال کا نوٹس لے کر عوام کو جواب دیں گے یا یہ مسائل بدستور برقرار رہیں گے؟









