عابد محمود چوہدریجہلم (پی ٹی وی نیوز) ڈائریکٹر جنرل محکمہ تحفظِ ماحولیات پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایات پر گزشتہ ہفتے ضلع بھر میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے صنعتی یونٹس اور دیگر خلاف ورزیوں کے مرتکب عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اس سلسلے میں محکمہ تحفظِ ماحولیات جہلم کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 2 اسٹون کرشرز کو سیل کر دیا، جبکہ خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد پر جرمانے عائد کرکے وصول کیے گئے۔ اسی طرح ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ خشت مالکان کے خلاف 3 مقدمات درج کروائے گئے اور 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے وصول کیا گیا۔

محکمہ تحفظِ ماحولیات کے مطابق آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز اقدامات جاری ہیں۔ ضلع جہلم میں تمام صنعتی یونٹس اور اسٹون کرشرز پر 100 فیصد ایمیشن کنٹرول سسٹم (Emission Control System) نصب کیا جا چکا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظِ ماحولیات جہلم کے مطابق ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے، فضائی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔






