پشاور (پی ٹی وی نیوز) قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے اپر کوہستان کے ضلعی اکاؤنٹس دفتر سے 37 ارب روپے سے زائد کی مبینہ خرد برد کے کیس میں احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ ایک سال سے زائد کی تحقیقات کے بعد نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد علی نے پیر کو یہ ریفرنس احتساب عدالتوں کے انتظامی جج محمد ظفر کے سامنے پیش کیا۔ ریفرنس میں تقریباً 140 ملزمان نامزد کیے گئے ہیں، جن میں ضلعی اکاؤنٹس دفتر اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اہلکار، بینکوں کا عملہ اور ٹھیکیدار شامل ہیں۔
نیب کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کے ذریعے سرکاری خزانے سے رقوم نکالیں۔ یہ کیس ٹھیکیداروں کی سیکیورٹی ڈپازٹ کے اکاؤنٹ جی-10113 سے متعلق ہے اور مبینہ خرد برد 2018 سے 2024 کے درمیان ہوئی۔ اب تک چھ ارب روپے سے زائد کی وصولیاں ہو چکی ہیں اور بارہ ملزمان نے پلی بارگین کر لی ہے، جبکہ مرکزی ملزم قیصر اقبال گزشتہ سال اکتوبر سے زیر حراست ہے۔




