0

پاک-بھارت کشیدگی عروج پر، اقوام متحدہ کے سربراہ کا “حد درجہ تحمل” کی اپیل

پاک-بھارت کشیدگی عروج پر، اقوام متحدہ کے سربراہ کا “حد درجہ تحمل” کی اپیل

نیویارک(پی ٹی وی نیوز)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پیر کے روز پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ “زیادہ سے زیادہ تحمل” کا مظاہرہ کریں اور جنگ کے دہانے سے پیچھے ہٹیں، کیونکہ دونوں جوہری قوتوں کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔

22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے ہولناک حملے میں 26 افراد، جن میں زیادہ تر سیاح تھے، ہلاک ہوگئے۔ یہ 2000 کے بعد اب تک کا سب سے مہلک حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارت نے بغیر کسی تحقیقات یا ثبوت کے اس حملے کو “سرحد پار روابط” سے جوڑنے کی کوشش کی، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

حملے کے بعد سے صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔ پاکستان نے اپنی افواج کو چوکس کر دیا ہے اور انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق بھارت کی جانب سے ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی فوج کو مکمل “عملی آزادی” دے دی ہے، جبکہ پاکستان کی فوجی قیادت نے کسی بھی جارحیت کی صورت میں “فوری اور بھرپور جواب” دینے کا عندیہ دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتریس نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “اب وقت ہے کہ مکمل تحمل کا مظاہرہ کیا جائے اور عسکری تصادم سے بچا جائے جو بآسانی قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔”

انہوں نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے زور دیا کہ ذمہ داران کو “قانونی اور قابل اعتماد طریقے” سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو دیکھتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس آج پاکستان کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔

اب تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

بین الاقوامی برادری کی جانب سے بھی بھارت اور پاکستان دونوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں