جہلم (پی ٹی وی نیوز) یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلع جہلم میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے دوران ریسکیو 1122 نے شہریوں کو فوری امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے اور ہنگامی سروسز ہائی الرٹ رہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر فرحان مرزا کے مطابق 21 رمضان المبارک کے موقع پر ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مذہبی تقریبات کے پیش نظر ریسکیو 1122 کے تمام دستیاب وسائل کو الرٹ رکھا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے ضلع کی چاروں تحصیلوں میں قائم امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات پر ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور موٹر بائیک ریسکیو سروس تعینات کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ اہم مقامات پر ریسکیو پوسٹس بھی قائم کی گئیں جبکہ ریسکیو رضاکاروں کو بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے ڈیوٹی پر مامور کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا نے ریسکیورز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کا عملہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور شہریوں کو بروقت اور مؤثر امداد کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
0









