سعودی عرب نے پاکستانی شہریوں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ویزا درخواستوں کو ایک ہی دن میں نمٹانے کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر راجح بن طامی البقامی نے بتایا کہ اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ سعودی سفیر نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات میں بتایا کہ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولتوں، کاروباری روابط اور عوامی و ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معدنیات، پیٹرولیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے ٹیکس نیوٹرل بانڈڈ پالیسی منظور کر لی ہے، جس کے تحت سعودی کمپنیاں پاکستان میں مقامی ٹیکس کی ذمہ داری کے بغیر تجارتی تیل کے ذخائر قائم کر سکیں گی۔ علی پرویز ملک نے حب، بلوچستان میں پیٹرولیم ذخیرہ کرنے اور ریفائننگ کمپلیکس کے مجوزہ منصوبے اور ریفائنریز کی اپ گریڈیشن میں سعودی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی، اور سعودی عرب کو بارہ اور تیرہ نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دی۔
ماخذ: صارف کی بھیجی ہوئی خبر۔









