0

پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود جہلم میں سفری کرائے کم نہ ہوئے، مسافر پریشان

عابد محمود چوہدری عابد محمود چوہدری

جہلم (عابد محمود چوہدری) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ضلع جہلم میں مسافروں کو سفری کرایوں میں تاحال کوئی ریلیف نہیں ملا۔ غریب اور بے بس مسافر اب بھی بھاری کرائے دینے پر مجبور ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹرز ضلعی انتظامیہ اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی مبینہ عدم توجہ کے باعث پرانے کرائے ہی وصول کر رہے ہیں۔

پٹرولیم قیمتوں میں کمی سے سفری اخراجات میں ریلیف کی توقع تھی، مگر جہلم کے مسافروں کی یہ امید اب تک پوری نہیں ہوئی۔ کرایے کم نہ ہونے سے روزانہ سفر کرنے والے مزدور، ملازمین، طلبہ اور دیگر کم آمدنی والے شہری اپنی محدود آمدنی کا بڑا حصہ سفر پر خرچ کرنے پر مجبور ہیں۔

دوسری جانب مال بردار ٹرانسپورٹ کے مالکان نے بھی شکایت کی ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کے باوجود مال بھاڑے کم نہیں ہوئے، جس سے ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی کی عوامی توقعات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے چیئرپرسن ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایندھن کی قیمت میں کمی کے تناسب سے کرایوں پر فوری نظرثانی کی جائے، تمام روٹس پر مقررہ کرایہ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، تاکہ مہنگائی سے پریشان غریب اور بے بس مسافروں کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں