عابد محمود چوہدریجہلم (پی ٹی وی نیوز) جہلم کے معروف سینئر صحافی اور مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر سید ریاض حسین نظامی (مرحوم) کی یاد میں جہلم پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرحوم کی صحافتی خدمات، سادہ طرزِ زندگی، اصول پسندی اور قلم کی حرمت کے لیے ان کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس میں مرحوم کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت جہلم پریس کلب کے نائب صدر غلام قادر مخلص نے کی، جبکہ تعزیتی اجلاس کا آغاز جنرل سیکرٹری جہلم پریس کلب مرزا قدیر بیگ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا اور سید ناصر محمود نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد کے سینئر صحافی راؤ سلیم، جہلم کے معروف سینئر صحافی، بابائے صحافت، اشتیاق پال، شہر کی سماجی شخصیات عمر بٹ، عبدالغفور چوہان، سابق صدر جہلم پریس کلب ملک وسیم اختر، سابق جنرل سیکرٹری سید مستفیض اقبال بخاری، چیئرمین الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود، سید ریاض نظامی (مرحوم) کے صاحبزادے سید مشہاب ریاض نظامی سمیت دیگر مقررین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے سید ریاض حسین نظامی کی صحافتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سید ریاض حسین نظامی ایک باوقار، بااصول، سادہ مزاج اور منکسرالمزاج صحافی تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی صحافت کے اعلیٰ اصولوں کی پاسداری، حقائق کی ترجمانی اور قلم کی حرمت برقرار رکھنے کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی صحافتی زندگی دیانت داری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ اقدار کا روشن نمونہ تھی۔ مقررین نے کہا کہ سید ریاض حسین نظامی کی وفات سے جہلم کی صحافتی برادری ایک مخلص، تجربہ کار اور باصلاحیت قلم کار سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کی خدمات، اصول پسندی اور صحافتی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم کی سادہ زندگی اور صحافت سے بے لوث وابستگی ان کے ساتھیوں اور نئی نسل کے صحافیوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی، تاہم ان کی تحریریں، صحافتی خدمات اور مثبت کردار ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر سید ریاض حسین نظامی مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔









