چوہدری عابد محمودجہلم (پی ٹی وی نیوز) جہلم کی معروف صحافتی و سیاسی شخصیت، سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی و بابائے صحافت و سیاست محمود مرزا جہلمی کے چچا سسر، معروف قانون دان ہائی کورٹ جہانگیر محمود مرزا اور مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر طاہر محمود مرزا کے نانا ابو، جبکہ زبیر اختر اور حمیر اختر کے والد ڈاکٹر محمد اختر خان مرحوم کی یاد میں جہلم پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں مرحوم کی سماجی خدمات، سادہ طرزِ زندگی، اصول پسندی اور علاقائی فلاح و بہبود کے لیے ان کی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس کی صدارت صدر جہلم پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے کی، جبکہ اجلاس کا آغاز جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ سید ناصر محمود نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر شہر کی سماجی، شہری، رفاہی، فلاحی اور صحافتی تنظیموں کے عمائدین سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد اختر خان مرحوم تحصیل پنڈدادنخان کی ایک باوقار، بااصول اور سادہ مزاج شخصیت کے مالک تھے، جنہوں نے اپنی زندگی دیانت داری، حق گوئی، اصولوں کی پاسداری اور علاقائی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی زندگی پیشہ ورانہ اقدار، ذمہ داری اور خلوصِ نیت کا روشن نمونہ تھی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مرحوم کی خدمات، اعلیٰ کردار اور علاقہ مکینوں کے لیے ان کی مخلصانہ جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان (گولڈ میڈلسٹ)، سرپرست مہر محمد الیاس، چیئرمین راجہ نوبہار خان، جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ، سیکرٹری فنانس راجہ سہیل کیانی، سیکرٹری اطلاعات سید ناصر محمود، آفس سیکرٹری عبدالغفار آزاد، سابق صدر جہلم پریس کلب ملک وسیم اختر، سابق جنرل سیکرٹری سید مستفیض اقبال بخاری، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، چیئرمین الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود، ڈیجیٹل اینڈ الیکٹرانک میڈیا کے صدر یاسر صدیق، جنرل سیکرٹری ظہیر بٹ، رانا شفقت علی، صدر ڈیجیٹل میڈیا انیس الرحمٰن بٹ، فضل خان، چوہدری تصور حسین، اومان اللہ بٹ، شہریار علی راجہ، آصف جنجوعہ، عبدالرحمٰن قادری، نعیم اختر بھٹی، بیورو چیف روزنامہ لیڈر مقصود نقیبی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے بارگاہِ الٰہی میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر محمد اختر خان مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے، ان کی قبر کو نور سے منور فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔










