چوہدری عابد محمودجہلم (پی ٹی وی نیوز) سرکاری دفاتر میں رشوت ستانی کے خلاف اینٹی کرپشن کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے — تھانہ اینٹی کرپشن جہلم کی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن اور سرکل آفیسر اعجاز شاہ کی قیادت میں، سینئر سول جج جہلم قمر عباس کی نگرانی میں محکمہ فشریز کے سینئر کلرک راشد کو 50 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے نشان زدہ رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم نے شہری کو شکار کا لائسنس جاری کرنے کے عوض 50 ہزار روپے رشوت طلب کر کے وصول کی تھی۔ اینٹی کرپشن کی اس کارروائی نے سرکاری عہدوں کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے والوں کے لیے واضح پیغام دے دیا ہے کہ عوامی خدمت کے منصب پر بیٹھ کر رشوت طلب کرنا یا وصول کرنا قانون کی گرفت سے بچنے کی ضمانت نہیں۔
سرکاری ملازمین کو چاہیے کہ وہ اپنے فرائض دیانت داری اور امانت سمجھ کر ادا کریں، کیونکہ رشوت محض ایک مالی بدعنوانی نہیں بلکہ غریب اور مجبور شہریوں کے حقوق پر ڈاکا ہے۔









