لاہور (پی ٹی وی نیوز) گلوکارہ شازیہ منظور کے گھر پر مسلح افراد نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا۔ گلوکارہ کا کہنا ہے کہ چار افراد ان کے گھر میں گھس آئے اور اسلحے کے زور پر انہیں دھمکیاں دیں۔
شازیہ منظور کے مطابق ملزمان نے گھر پر قبضے کی کوشش کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ درخواست کے متن کے مطابق ملزمان میں نعمان ودیگر شامل ہیں۔
گلوکارہ نے ایڈووکیٹ فیاض رامے کے توسط سے تھانہ ملت پارک لاہور میں کارروائی کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے، جس میں ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ درخواست 19 نومبر 2026 کو جمع کرائی گئی اور اس کی حیثیت تاحال زیر التوا ہے۔
شازیہ منظور نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا ہے۔









