عابد محمود چوہدریجہلم (پی ٹی وی نیوز) انجمن ارائیاں ضلع جہلم کے زیر اہتمام بسم اللہ میرج ہال، محمدی چوک میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انجمن ارائیاں ضلع جہلم کے سابق صدر، ممتاز قانون دان چوہدری محمد یعقوب اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری علی اصغر کی طویل، گراں قدر اور ناقابلِ فراموش خدمات کے اعتراف میں مرکزی و ضلعی قیادت کی جانب سے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ پیش کیے گئے۔ تقریب میں ضلع بھر سے ارائیں برادری کی سرکردہ شخصیات، عمائدین، وکلا، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر جہلم پریس کلب کے وفد کا انجمن ارائیاں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔

جہلم پریس کلب کے وفد کی قیادت صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے کی، جبکہ وفد میں صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، چوہدری ظفر نور، غلام قادر مخلص، عامر کیانی، چوہدری عابد محمود، سہیل کیانی، عبدالغفار آزاد، عبدالرحمن قادری اور سید عرفان حیدر، دینہ سے چوہدری عرفان محبوب شامل تھے۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض ضلعی صدر حاجی حبیب الرحمن نے انجام دیے، جبکہ معروف قانون دان چوہدری کاشف اسلام نے بطور اسٹیج سیکرٹری تقریب کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میاں محمد سعید ڈیرے والے اور میاں حبیب الرحمن نے اپنے خطابات میں کہا کہ ارائیں برادری ایک غیور، باوقار اور محب وطن برادری ہے، جس نے ملکی تعمیر و ترقی، سماجی بہبود اور قومی خدمت کے مختلف شعبوں میں ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔ میاں محمد سعید ڈیرے والے نے کہا کہ چوہدری محمد یعقوب اور چوہدری علی اصغر کی خدمات کا اعتراف درحقیقت ان کی طویل جدوجہد، بے لوث خدمت اور برادری کے لیے مخلصانہ کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے مترادف ہے۔ ایسی شخصیات معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں، جن کی خدمات اور مثبت کردار نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

مقررین نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد صرف دو قابلِ احترام شخصیات کی خدمات کو سراہنا ہی نہیں بلکہ ارائیں برادری کو ایک مضبوط، متحد اور مؤثر پلیٹ فارم پر یکجا کرنا، باہمی اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنا بھی ہے۔ تقریب میں شریک معزز مہمانوں میں میاں خالد حبیب الٰہی، میاں افتخار بشیر، میاں محمد اکرم اور مہر میاں محمد حبیب کنول سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔

انجمن ارائیاں ضلع جہلم کے صدر حاجی حبیب الرحمن نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں، عمائدین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت، فلاح و بہبود، مثبت سماجی سرگرمیوں میں شمولیت اور برادری کے مستحق افراد کی معاونت انجمن کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برادری کے حقوق کے تحفظ، سماجی مسائل کے حل اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے محض اعلانات پر اکتفا نہیں کیا جائے گا بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے ان مقاصد کو آگے بڑھایا جائے گا۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی برادری کی اصل قوت اس کا اتحاد، باہمی اعتماد اور اجتماعی شعور ہوتا ہے۔ ذاتی و انفرادی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مقاصد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، باوقار اور مثبت روایات کا حامل معاشرتی پلیٹ فارم تشکیل دیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر برادری کی خدمت، اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔




