اسلام آباد (پی ٹی وی نیوز) انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن یکم جنوری 2027 سے تعلیمی اسناد کی مکمل آن لائن تصدیق کی سہولت شروع کرے گا۔ طلبہ اپنی اسناد کی تصدیق کے لیے درخواست آن لائن دے سکیں گے اور تصدیق شدہ دستاویز اپنے اکاؤنٹ سے ڈاؤن لوڈ کر کے پرنٹ کر سکیں گے۔
یہ فیصلہ آئی بی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاہ نے کی۔ یہ سہولت ملک بھر کے 29 تعلیمی بورڈز کی جاری کردہ اسناد اور اہل مدارس کی اسناد پر دستیاب ہوگی۔
نئے نظام کے تحت درخواست سے لے کر تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ کے اجرا تک تمام مراحل آئی بی سی سی کے پورٹل پر مکمل ہوں گے، جس سے دفاتر کے چکر اور کوریئر کے ذریعے اصل دستاویزات بھیجنے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ ایک ہی تصدیق شدہ دستاویز کی اضافی کاپیاں چھاپنے پر الگ فیس نہیں لی جائے گی۔
ماخذ: ڈان، 23 نومبر 2026




