مرزا عبدالجبار بیگجہلم (پی ٹی وی نیوز) ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کے انفرادی و اجتماعی مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، میرٹ پر مبنی حل اور مؤثر پیروی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں ڈپٹی کمشنر جہلم کے سامنے پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے شہریوں کے مسائل خود سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، جبکہ شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو میرٹ پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران شہریوں کے مسائل کے حل کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ وقت میں عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل، بروقت انصاف کی فراہمی اور عوام دوست انتظامیہ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔







