مرزا عبدالجبار بیگجہلم (پی ٹی وی نیوز) جہلم سمیت پنجاب بھر میں گندم کی خریداری اور آٹے کی قیمتوں سے متعلق حکومتی پالیسی کے اثرات براہِ راست عام آدمی کی زندگی کو متاثر کرنے لگے ہیں۔ ایک جانب کسان اپنی فصل کی مناسب قیمت اور بروقت فروخت کے مسائل سے دوچار رہے، تو دوسری جانب صارفین کو آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا ہے۔ مارکیٹ میں آٹے کی فروخت چھ ہزار روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث عام شہریوں کے گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
گندم جیسی بنیادی غذائی جنس کے حوالے سے پیدا ہونے والی اس صورتِ حال نے پنجاب حکومت کی خریداری پالیسی اور اس کے عملی نتائج پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ رواں سال جب گندم کی فصل تیار ہوئی اور کسان اپنی پیداوار فروخت کرنے کے لیے مارکیٹ میں لائے تو اس وقت حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری خریداری کا مؤثر انتظام دکھائی نہیں دیا۔
اگر حکومت اس مرحلے پر کسانوں سے مناسب مقدار میں گندم خرید کر سرکاری ذخائر قائم کرتی تو مارکیٹ میں رسد اور قیمتوں کو متوازن رکھنے میں مدد مل سکتی تھی۔ تاہم سرکاری خریداری نہ ہونے کے باعث کسانوں کو اپنی پیداوار نجی خریداروں کے ہاتھ فروخت کرنا پڑی، جس کے نتیجے میں گندم کی بڑی مقدار تاجروں اور ذخیرہ کرنے والوں کے پاس چلی گئی۔ اس صورتِ حال نے انہیں بعد ازاں اپنی شرائط پر گندم مارکیٹ میں فروخت کرنے کا موقع فراہم کیا۔
حکومت کی جانب سے گندم کی قیمت 4,500 روپے فی من (20 نومبر 2026 کے آرڈر کے مطابق) مقرر کیے جانے کے باوجود آٹے کے نرخوں میں نمایاں فرق بھی ایک اہم سوال بن چکا ہے۔ صارفین یہ جاننا چاہتے ہیں کہ جب گندم کی قیمت مقرر ہے تو آٹے کی فروخت میں اتنا اضافہ کیوں ہو رہا ہے اور اس فرق کو قابو میں رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے کیا اقدامات کر رہے ہیں؟
موجودہ اور پرانے نرخ: پنجاب حکومت کے 20 نومبر 2026 کے آرڈر (پنجاب ویٹ ریلیز اینڈ فلور ڈسٹری بیوشن آرڈر 2026) کے مطابق سرکاری گندم کی قیمت 3,800 روپے سے بڑھا کر 4,500 روپے فی من کر دی گئی ہے، جبکہ سرکاری آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 1,100 روپے سے بڑھا کر 1,275 روپے مقرر کی گئی ہے۔ مارکیٹ میں آٹا 190 سے 200 روپے فی کلو، 15 کلو کا تھیلا 2,800 روپے اور 20 کلو کا تھیلا 3,800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ گندم کی فی من قیمت 5,500 روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔




