جہلم (پی ٹی وی نیوز) صدر جہلم پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز خان اور جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نوسرباز سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کے لیے نت نئے طریقے اختیار کر رہے ہیں، جن سے عوام کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص ان دنوں چھوٹے بڑے شہروں میں ڈیجیٹل فراڈ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس کا سب سے آسان شکار دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں رہنے والے بزرگ اور سادہ لوح افراد بن رہے ہیں۔ جعل ساز جعلی فون کالز، مشکوک روابط، فرضی انعامی اسکیموں اور بینک اکاؤنٹ بند ہونے کی جھوٹی اطلاعات دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹور لیتے ہیں۔
ڈاکٹر سہیل امتیاز خان اور مرزا قدیر بیگ کا کہنا تھا کہ بعض اوقات پڑھے لکھے افراد بھی جعل سازوں کی چکنی چپڑی باتوں میں آ جاتے ہیں، تاہم موبائل فون اور بینکاری نظام سے کم واقفیت رکھنے والے بزرگ اور دیہی علاقوں کے افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے ایسے فراڈ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور عوامی آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل فراڈ کے باعث شہریوں کی عمر بھر کی جمع پونجی ضائع ہو رہی ہے، جبکہ متاثرین کو ذہنی دباؤ، بینکوں پر عدم اعتماد اور خاندانی تنازعات جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
دونوں عہدیداروں نے عوام کو خبردار کیا کہ کسی نامعلوم فون کال پر اپنا خفیہ یک وقتی تصدیقی کوڈ (او ٹی پی)، بینک اکاؤنٹ نمبر یا دیگر حساس معلومات ہرگز فراہم نہ کریں اور کسی بھی مشکوک پیغام یا نامعلوم ذریعے سے موصول ہونے والے رابطے پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی ڈیجیٹل فراڈ کے طریقوں سے آگاہ رہیں اور اپنے بزرگوں، خواتین اور دیگر اہلِ خانہ کو بھی اس حوالے سے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں تاکہ جعل سازوں کے ہتھکنڈوں سے محفوظ رہا جا سکے۔




