(پی ٹی وی نیوز) پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو صبح کا بھولا نہیں ہیں، جو شام کو گھر واپس آ گیا ہو۔
سائرہ بانو نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو نے تباہی و بربادی پھیلا کر، آئینی ترامیم پاس کرا کر، تاحیات استثنیٰ دلوا کر، عدالتوں کو مٹی میں رول کر، مخصوص نشستوں کا مال غنیمت لوٹ کر اور ایک صوبے میں گورنر راج لگا کر یہ سب کچھ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کو بھولا نہیں کہتے، اس کو کہتے ہیں پینترا بدلنا۔
سائرہ بانو نے مزید کہا کہ اسمبلی میں عوام کے نمائندے نہیں بیٹھے ہوئے، عوام کی رائے کو آپ نے 8 فروری کو جوتوں تلے روند دیا، اب کون سی عوام کے پاس جانا ہے؟
سائرہ بانو کا یہ بیان 22 نومبر کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد یہ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر زیر بحث رہا۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ دنوں وزیراعظم کو انتباہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ حکومت سے علیحدگی اختیار کر سکتے ہیں۔




