0

پنڈ دادن خان تا کھیوڑہ روڈ کو دو رویہ بنایا جائے — سید خلیل حسین کاظمی کا مطالبہ

ڈاکٹر اعجاز اعوانڈاکٹر اعجاز اعوان

جہلم (پی ٹی وی نیوز) جہلم کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے پنڈ دادن خان تا کھیوڑہ روڈ پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور ان کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم سڑک کو دو رویہ سڑک میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، کیونکہ موجودہ حالات میں یہ منصوبہ محض ترقیاتی ضرورت نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔

میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ پنڈ دادن خان سے کھیوڑہ کا فاصلہ محض چند کلومیٹر ہے، لیکن اس مختصر روڈ پر ٹریفک کا دباؤ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔ کھیوڑہ سے نمک سمیت مختلف معدنیات کی ترسیل کے ذریعے حکومت کو روزانہ لاکھوں اور ماہانہ کروڑوں روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے، جبکہ پنڈ دادن خان سے کھیوڑہ اور دیگر صنعتی و معدنی مراکز تک درجنوں ٹرالرز، ہیوی گاڑیاں اور ٹریکٹر ٹرالیاں روزانہ نمک، سوڈا ایش، کوئلہ، سیمنٹ اور دیگر معدنی مصنوعات لے کر پنجاب کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب اس شاہراہ پر بھاری ٹریفک کی مسلسل آمدورفت جاری ہے تو دوسری جانب سڑک کے دو رویہ نہ ہونے کے باعث چھوٹی گاڑیوں، موٹرسائیکل سواروں اور مسافر ٹرانسپورٹ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تنگ سڑک پر ہیوی ٹریفک کی آمدورفت، اوورٹیکنگ اور گاڑیوں کے آمنے سامنے آنے کی صورتحال حادثات کے خطرات میں اضافہ کر رہی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اس شاہراہ پر پیش آنے والے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہو رہا ہے، جس سے کئی خاندان عمر بھر کے لیے غم اور مشکلات میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

سید خلیل حسین کاظمی نے مزید کہا کہ کھیوڑہ کا شمار ملک کے اہم معدنی و صنعتی مراکز میں ہوتا ہے، جہاں سے قومی معیشت کے لیے اہم معدنی وسائل فراہم کیے جاتے ہیں۔ ایسے اہم صنعتی علاقے کو ملانے والی شاہراہ کا دو رویہ نہ ہونا نہ صرف ٹریفک کی روانی بلکہ مسافروں، مقامی آبادی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ جس علاقے سے قومی خزانے کو خاطر خواہ آمدن حاصل ہو رہی ہے، وہاں کے عوام کو بھی محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر مواصلات اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ پنڈ دادن خان تا کھیوڑہ روڈ کو دو رویہ بنانے کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کرکے اس کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں اور تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے۔ منصوبے کی تکمیل تک فوری حفاظتی اقدامات، ٹریفک سائن بورڈز، رفتار کی حد پر عملدرآمد اور ہیوی ٹریفک کی مؤثر نگرانی بھی یقینی بنائی جائے، تاکہ مزید قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکیں صرف آمدورفت کا ذریعہ نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کے تحفظ اور معاشی ترقی کی ضامن ہوتی ہیں، لہٰذا اس اہم شاہراہ کو دو رویہ بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں