0

میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں — مولانا فضل الرحمن کا لاہور بار کو ویڈیو پیغام

لاہور (پی ٹی وی نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کیا، کیونکہ وہ خود کانفرنس میں شرکت کے لیے اپنی رہائش گاہ سے نہیں نکل سکے۔

مولانا فضل الرحمن نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا: “میں اس وقت ریاستی حصار میں ہوں، پورا لاہور شہر ریاستی رکاوٹوں سے بھرا ہوا ہے، تمام راستے بند ہیں، ناکے لگے ہوئے ہیں اور ایک پرامن شہری کو دانشوروں کے ماحول میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔”

انہوں نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، ان کی کابینہ اور تمام ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: “ان شاء اللہ یہ حصار ٹوٹیں گے، یہ رکاوٹیں دور ہوں گی، جبر کو کبھی دوام حاصل نہیں ہوتا، لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے۔”

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام ملک میں امن کی داعی ہے اور قیام امن کے لیے اس نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا: “ہم نہ حکمرانوں سے نہ کسی ریاستی ادارے سے وطن سے وفا کا سرٹیفکیٹ لینے کے لیے آئے ہیں۔ ان کی وفاداریاں مشکوک ہیں، ہماری وفاداریاں شک و شبے سے بالاتر ہیں۔”

انہوں نے اعلان کیا کہ 26 نومبر کو سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام کی بڑی کانفرنس ہر صورت منعقد کی جائے گی۔ ان کا الزام تھا کہ پورے سرگودھا ڈویژن میں پارٹی کارکن ریاستی جبر کا نشانہ بن رہے ہیں — کاروبار بند کیے جا رہے ہیں، دکانیں سیل کی جا رہی ہیں، فلور ملز سیل کی جا رہی ہیں اور بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور ان کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرگودھا کانفرنس کو کامیاب بنائیں اور آئین کی بالادستی، قانون کی عملداری اور جمہوریت کی پاسداری کے لیے اپنی حریت و آزادی کا مظاہرہ کریں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ریاستی قوتوں کے رویوں میں اس وقت شدت آئی جب ان کی جماعت نے قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کے حوالے سے ان کے کردار کو بے نقاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے وسائل عوام کی ملکیت ہیں، وفاق یا کسی ایک طاقتور ادارے کی نہیں، اور کسی کو ان کی لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام نے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ کے مبینہ محاصرے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں