0

ایران کے اہم بندرگاہ پر دھماکہ، 28 افراد ہلاک، 800 زخمی

(پی ٹی وی نیوز)ایران کے ایک اہم بندرگاہ پر بڑے دھماکے میں کم از کم 28 افراد ہلاک اور 800 زخمی ہو گئے ہیں، حکام نے تصدیق کی ہے۔
یہ دھماکہ ہفتے کی صبح جنوبی شہر بندر عباس کے قریب واقع شہید رجائی بندرگاہ پر ہوا، جو ایران کی سب سے بڑی تجارتی بندرگاہ ہے۔

دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کی کھڑکیاں اور چھتیں اڑ گئیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کا اثر 50 کلومیٹر (31 میل) دور تک محسوس کیا گیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق چھ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
ایک عینی شاہد نے ایرانی سرکاری ٹی وی کو بتایا:
“پورا گودام دھواں، مٹی اور راکھ سے بھر گیا تھا۔ مجھے یاد نہیں کہ میں خود میز کے نیچے گیا یا دھماکے کی شدت سے وہاں پہنچ گیا۔”

فضائی مناظر میں تین مقامات پر آگ لگی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے۔ ایران کے وزیر داخلہ نے تصدیق کی کہ آگ ایک کنٹینر سے دوسرے کنٹینر میں پھیل رہی تھی۔ علاقے کے تمام اسکولز اور دفاتر اتوار کے روز بند رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ایک نجی میری ٹائم رِسک کنسلٹنسی “ایمبری انٹیلیجنس” کا کہنا ہے کہ دھماکہ ان کنٹینرز میں ہوا جن میں بیلسٹک میزائلوں کے لیے ٹھوس ایندھن موجود تھا۔

ایمبری کا مزید کہنا ہے کہ مارچ 2025 میں ایران کے جھنڈے والے ایک بحری جہاز نے اس بندرگاہ پر “سوڈیم پرکلوریٹ راکٹ فیول” کی کھیپ اتاری تھی۔
مالیاتی اخبار “فنانشل ٹائمز” نے بھی رپورٹ کیا تھا کہ چین سے ایران میں ایندھن لے جانے والے دو جہاز پہنچے تھے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب آگ لگی اور غیر محفوظ کنٹینرز میں موجود قابل اشتعال مواد تک پھیل گئی۔
کسٹمز حکام نے ایک بیان میں کہا کہ دھماکہ ممکنہ طور پر ان خطرناک کیمیکل مواد کے گودام میں لگنے والی آگ کی وجہ سے ہوا ہے۔

بعد میں ایمبری نے ایران کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ آرگنائزیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہید رجائی بندرگاہ کو پہلے بھی کیمیکل ذخیرہ کرنے کے محفوظ طریقوں پر عمل کرنے کے لیے وارننگ دی گئی تھی۔

شہید رجائی بندرگاہ ایران کی سب سے بڑی اور جدید ترین بندرگاہ ہے، جہاں سے ملک کی زیادہ تر بحری تجارت ہوتی ہے۔
یہ بندرگاہ آبنائے ہرمز پر واقع ہے، جو تیل کی ترسیل کے لیے دنیا کا ایک اہم بحری راستہ ہے، اور بندر عباس شہر سے تقریباً 20 کلومیٹر مغرب میں ہے، جو ایرانی بحریہ کا بڑا اڈہ بھی ہے۔

ایران کی نیشنل آئل کمپنی نے کہا ہے کہ بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے کا ملک کی آئل ریفائنریوں، فیول ٹینکوں یا پائپ لائنوں سے کوئی تعلق نہیں۔

ایران کے صدر مسعود پزشکین نے واقعے پر گہرے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واقعے کی سرکاری تحقیقات کا اعلان کیا ہے اور وزیر داخلہ کو علاقے میں بھیجا ہے۔

یہ دھماکہ ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کا تازہ دور جاری ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جس سے ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جا سکے۔

دونوں ممالک عمان کے ثالثی کردار کے ذریعے مذاکرات کر رہے ہیں اور اطلاعات کے مطابق کچھ پیش رفت ہوئی ہے، لیکن ایرانی نمائندے نے کہا کہ اب بھی اختلافات ختم کرنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مذاکرات آئندہ ہفتے بھی جاری رہیں گے۔

ایران نے کہا ہے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام پر کچھ پابندیاں قبول کرنے کے لیے تیار ہے بشرطیکہ اقتصادی پابندیاں ہٹائی جائیں، لیکن اس نے یورینیم کی افزودگی بند کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایران کا اصرار ہے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف سول مقاصد کے لیے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں