اسلام آباد (پی ٹی وی نیوز) جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا میں جاری کشیدگی کے پیش نظر پاکستان میں سائبر حملوں کے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (PakCERT) نے ممکنہ سائبر خطرات کے حوالے سے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سرکاری اداروں اور حساس انفراسٹرکچر کو ہدف بنائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ موجودہ کشیدہ حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیکرز سرگرم ہو سکتے ہیں۔ دفاعی، مالیاتی اور میڈیا کے شعبے ممکنہ طور پر سائبر حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسپیر فشنگ، مالویئر اور ڈیپ فیکس جیسے جدید طریقے استعمال کرکے اداروں کی حساس معلومات چرانے کی کوششیں کی جا سکتی ہیں۔
حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی سائبر سکیورٹی مزید سخت کریں، سافٹ ویئر کو اپڈیٹ رکھیں، مشکوک ای میلز اور روابط سے اجتناب کریں اور ملازمین کو سیکیورٹی آگاہی فراہم کریں تاکہ ممکنہ حملوں سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خطے میں بڑھتی ہوئی سیاسی و عسکری کشیدگی نے سائبر سکیورٹی کے خطرات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔









