سی ڈی اے نے اسلام آباد میں فیڈر میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا
اسلام آباد(طلحہ راجہ)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں چلنے والی فیڈر میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ یہ اضافہ یکم جون 2025 سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔
نئے کرایہ نامے کے مطابق اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن فیڈر بسوں اور تمام الیکٹرک بسوں کا یکطرفہ کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دیا گیا ہے۔ یہ اضافہ تمام روٹس اور اسٹاپس پر لاگو ہوگا۔
فی الوقت اسلام آباد میں فیڈر میٹرو اور الیکٹرک بسیں 17 روٹس پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جنہیں روزانہ تقریباً 90 ہزار مسافر استعمال کرتے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد دیہاڑی دار مزدوروں، دفتری ملازمین اور طلبہ کی ہے، جو ان سستی سفری سہولیات پر انحصار کرتے ہیں۔ کرایوں میں اس اضافے سے ان طبقات پر براہِ راست اثر پڑے گا۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق اس فیصلے کی بنیادی وجہ حکومتی سبسڈی میں کمی ہے۔ پہلے حکومت بسوں کے آپریشنل اخراجات کا 50 فیصد بطور سبسڈی فراہم کر رہی تھی، جو اب کم ہو کر 30 فیصد رہ گئی ہے۔ اس کمی کے باعث ادارے کو کرایوں میں اضافہ کرنا پڑا۔
شہری حلقوں نے کرایوں میں اس اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی سہولت کے پیشِ نظر اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔









