ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کا مویشی منڈی کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا گیا
جہلم (مرزا عبدالجباربیگ)ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمان نے مویشی منڈی جہلم کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے منڈی میں موجود بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے منڈی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی کے انتظامات، لائیو سٹاک کیمپ، ویٹرنری سہولیات اور دیگر ضروری امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے دوران عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور تمام سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔
انہوں نے منڈی میں موجود بیوپاریوں اور شہریوں سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مویشی منڈی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔









