پنڈدادنخان (پی ٹی وی نیوز) — جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں کھیوڑہ روڈ پر بلوچ ریسٹورنٹ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل سوار تین دوستوں کو کچل دیا۔ حادثے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کو اطلاع ملنے پر دو ایمبولینسیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی اور جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال پنڈدادنخان منتقل کیا۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت 19 سالہ عمار ولد آصف کے نام سے ہوئی، جو کھیوڑہ کا رہائشی تھا۔ زخمیوں میں 19 سالہ محمد علی ولد محمد ناصر اور 17 سالہ انیق احمد ولد اصغر شامل ہیں، جن کا تعلق بھی کھیوڑہ سے ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق 17 سالہ انیق احمد کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے راولپنڈی منتقل کیا گیا، جہاں وہ پہنچنے پر دم توڑ گیا، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہو گئی۔ محمد علی کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ٹرالی کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جبکہ ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
ماخذ: ریسکیو 1122 اور اسپتال ذرائع









