عابد محمود چوہدری
جہلم (عابد محمود چوہدری) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے جہلم سمیت صوبہ بھر کے تمام ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور شادی ہالز کے لیے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (ای آئی ایم ایس) کے تحت رسید جاری کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق اب یہ کاروبار صارفین کو دی جانے والی رسیدیں اسی نظام کے ذریعے جاری کریں گے۔
اس اقدام کا مقصد کاروباری لین دین کو الیکٹرانک نظام کے تحت لانا، ٹیکس وصولی میں شفافیت یقینی بنانا اور سیلز ٹیکس کی نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ای آئی ایم ایس کے تحت رسید جاری کیے بغیر کاروبار کرنے والے اداروں کے مالکان کو اس خلاف ورزی پر 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔
ہدایات کے تحت ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور شادی ہالز کو اپنا انوائسنگ نظام الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کرنا ہوگا اور ہر صارف کو باقاعدہ الیکٹرانک رسید دینا ہوگی۔ اس سے کاروباری سرگرمیوں اور ٹیکس سے متعلق لین دین کا ریکارڈ ڈیجیٹل نظام سے مرتب ہوگا، جو ٹیکس چوری کی روک تھام اور کاروباری امور کی نگرانی میں مدد دے گا۔
ماخذ: پنجاب ریونیو اتھارٹی









