لاہور (پی ٹی وی نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں صدیوں پرانی صلح صفائی اور ثالثی کی روایات کے احیا کے لیے پنچائیت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت بدھ کو ہونے والے اجلاس میں پنچائیت نظام کے قیام اور طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جو فریقین کی باہمی رضامندی سے تنازعات حل کریں گی۔ ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشیوں کو پنچائیت کا رکن مقرر کرے گا۔ پنچائیت میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ ججز، سابق فوجی افسران، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معززین شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے جامع رولز، پالیسی گائیڈ لائنز اور ضوابط تیار کرنے کی ہدایت کی جبکہ نظام کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے دائرہ اختیار سے متعلق نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی۔ پنچائیت نظام کے ساتھ شہریوں کا عدالتی تحفظ اور عدالتوں سے رجوع کرنے کا حق برقرار رہے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے عدالت ہی پہلا فورم نہیں ہونا چاہیے، باہمی افہام و تفہیم اور مکالمے سے بھی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ نظام کا مقصد خواتین، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنانا ہے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل









