0

القادر ٹرسٹ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت، براہ راست نشر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (پی ٹی وی نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس نہیں ہے، پاکستان کو 171 ملین پاؤنڈ ملے تھے جو چار سال تک سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں رہے اور سرمایہ کاری سے دگنے ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لین دین سے قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں ہوا بلکہ فائدہ ہوا، اور نیب کا اعتراض صرف یہ ہے کہ رقم اسٹیٹ بینک کے بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں کیوں جمع کرائی گئی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے سماعت براہ راست نشر کرنے کی درخواست پر بھی دلائل دیے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ عوامی دلچسپی کا ہے اور لوگ سماعت دیکھنا چاہتے ہیں، جبکہ ٹرائل اڈیالہ جیل میں بند کمرے میں ہوا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ براہ راست نشر کے قواعد ابھی بنے نہیں اور معاملہ انتظامی کمیٹی کے سامنے ہے، عدالت کسی کے حکم پر نہیں چل سکتی۔ عدالت نے براہ راست نشر کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

وکیل نے مزید کہا کہ ٹرائل کے دوران استغاثہ نے 35 گواہ پیش کیے، جبکہ چھ ملزمان بشمول مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی اور ذوالفقار بخاری مقدمے میں غیر حاضر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹاؤن نے اپریل 2019 میں القادر ٹرسٹ کو 458 کنال زمین عطیہ کی تھی جو عمران خان کو منتقل نہیں ہوئی، اور سوہاوہ میں القادر ٹرسٹ میں 150 سے زائد بچے وظائف پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل نوید حیات ملک نے بشریٰ بی بی کا اپریل 2026 سے 21 نومبر تک کا طبی ریکارڈ بھی پیش کیا۔ وکیل نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اگلے ہفتے ملاقات کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس پر حکم جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے اپیلوں پر مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

براہ راست نشر کی درخواست گزشتہ روز بیرسٹر سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجہ سمیت وکلاء کی ٹیم نے دائر کی تھی۔ سماعت کے بعد بیرسٹر سلمان صفدر اور دیگر وکلاء نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ کیس میں ثبوت نہیں ہیں، مقدمہ سیاسی بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے اور سماعت کھلے عام ہونی چاہیے تاکہ عوام خود فیصلہ کر سکیں۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 17 جنوری 2025 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ دونوں اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں