0

اسلام آباد ہائی کورٹ کا بشریٰ بی بی کو جیل قواعد کے مطابق طبی سہولتیں دینے کا حکم

اسلام آباد (پی ٹی وی نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بدھ کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپیلوں کی سماعت کے دوران جیل حکام کو ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی کو جیل قواعد کے مطابق تمام ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کے سیل میں صفائی و حفظان صحت کا مناسب انتظام کیا جائے۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے یہ حکم ان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کے دلائل سننے کے بعد دیا۔ کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی تیزی سے کمزور ہو رہی ہے، ان میں موتیا بند کی تشخیص ہوئی ہے اور تقریباً 15 نومبر کو دوبارہ آپریشن ہونا تھا جبکہ جیل میں صفائی کی صورتحال خراب ہے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک کو حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کو اپیلوں پر دلائل کی تیاری کے لیے سات روز کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ اس سے قبل پیر کو بشریٰ بی بی نے مکمل میڈیکل ریکارڈ پیش کرنے اور ماہر اسپتال منتقلی کی درخواست دائر کی تھی۔ عمران خان نے بھی تین چیف جسٹسز کو کھلا خط لکھ کر اپنی اور اہلیہ کی صحت کی خرابی پر فوری علاج کی اپیل کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں