اسلام آباد (پی ٹی وی نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کرانے کی صوبائی حکومت کی تجویز منظور کر لی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب کے چیف سیکریٹری کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ اس نے صوبائی سیکریٹری بلدیات کی 16 نومبر کی تجویز قبول کر لی ہے۔ منظور شدہ منصوبے کے تحت ہر مرحلے میں 18 اضلاع میں انتخابات ہوں گے۔ پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا جس میں چکوال، تلہ گنگ، پتوکی، سیالکوٹ، اوکاڑہ، راجن پور، نارووال، چنیوٹ، خانیوال، ننکانہ صاحب، قصور، راولپنڈی، مری، ڈیرہ غازی خان، تونسہ، لاہور، بہاولپور، لودھراں، سرگودھا، حافظ آباد اور بھکر شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے میں ساہیوال، گوجرانوالہ، وزیرآباد، بہاولنگر، اٹک، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ملتان، میانوالی، لیہ، جھنگ، گجرات اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن نے ابتدا میں 14 دسمبر کو انتخابات کی تجویز دی تھی جبکہ صوبائی حکومت نے اپریل 2027 میں مرحلہ وار انتخابات کی تجویز دی تھی جسے کمیشن نے مسترد کر دیا تھا۔ پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے۔
0
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل









