0

جہلم: موبائل نیٹ ورکس کے مہنگے پیکجز اور ناقص سروس — صارفین پریشان، پی ٹی اے سے نوٹس کا مطالبہ

مرزا عبدالجبار بیگمرزا عبدالجبار بیگ

جہلم (مرزا عبدالجبار بیگ) جہلم میں موبائل نیٹ ورکس کے مہنگے پیکجز اور ناقص سروس نے صارفین کو اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں نے وفاقی محتسب اعلیٰ اور چیئرمین پی ٹی اے سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ موبائل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں نے سہولیات فراہم کرنے کی بجائے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے، جبکہ سروس کا معیار انتہائی پست ہو چکا ہے۔

صارفین کے مطابق انٹرنیٹ کی رفتار نہ ہونے کے برابر ہے اور سگنلز کی عدم دستیابی کے باعث دورانِ کال آواز کا بار بار معطل ہونا اور رابطہ منقطع ہونا معمول بن چکا ہے۔ پی ٹی اے کی عدم توجہی کے باعث گزشتہ چند ماہ کے دوران موبائل فون کمپنیوں نے مختلف پیکجز میں من مانے اضافے کر کے شہریوں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنا شروع کر رکھے ہیں۔ دنیا 7G ٹیکنالوجی کی طرف جا رہی ہے جبکہ وطن عزیز کے صارفین کو 2G جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ یا بندش کے ساتھ ہی موبائل ٹاورز کے سگنلز بھی غائب ہو جاتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ بیٹریوں اور جنریٹر کی عدم دستیابی ہے۔ اس کے باعث پورے علاقے کا بیرونی دنیا سے رابطہ کٹ کر رہ جاتا ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں رابطہ کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔ عوامی حلقوں نے موبائل کمپنیوں کی اس لوٹ مار کو لگام دینے، ٹاورز پر متبادل بجلی کے انتظامات کو یقینی بنانے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عوام کو کم بجٹ میں معیاری انٹرنیٹ اور کالنگ کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں