0

عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے — وکیل کا اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو قانونی نوٹس

اسلام آباد (پی ٹی وی نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو قانونی نوٹس جاری کر کے سپریم کورٹ آف پاکستان کے 18 اگست 2026 کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ جامع طبی معائنہ اور علاج ہو سکے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کریمنل مس اپیل نمبر 1696/2026 میں پیراگراف 13(iv) کے تحت عمران خان کی مکمل اور جامع طبی دیکھ بھال کی ہدایت کی تھی، اس کے باوجود انہیں عدالتی حکم میں درج شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی بجائے پمز ہسپتال لے جایا گیا۔ نوٹس کے مطابق عمران خان کے بنیادی آئینی، قانونی اور قیدی حقوق منظم طریقے سے سلب کیے جا رہے ہیں۔

نوٹس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 اگست 2026 کے فیصلے (رٹ پٹیشن نمبر 3087/2026) کے مطابق اہلِ خانہ اور بیٹوں سے ملاقات، آڈیو ویڈیو کالز، روزانہ ایک گھنٹہ ورزش و چہل قدمی، اخبارات، کتابوں اور ٹیلی ویژن کی سہولیات بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ سکیورٹی کے نام پر انسانی رابطہ مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔

نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے، ہائی کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے اور سکیورٹی کے نام پر تنہائی کی پالیسی فوری طور پر ختم کی جائے۔ خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ سکیورٹی کے نام پر بنیادی انسانی و قانونی حقوق محدود کرنا قابلِ قبول نہیں، عدالتی احکامات پر عمل درآمد جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، اور عمران خان کی صحت، زندگی اور بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

قانونی نوٹس کی مکمل کاپی ذیل میں دیکھی جا سکتی ہے:

قانونی نوٹس — صفحہ 1

قانونی نوٹس — صفحہ 2

قانونی نوٹس — صفحہ 3

قانونی نوٹس — صفحہ 4

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں