0

جہلم: آوارہ مویشی سڑکوں پر، شہریوں کو حادثات کا خطرہ — ڈی سی سے نوٹس کا مطالبہ

سید مستفیض اقبال بخاریسید مستفیض اقبال بخاری

جہلم (پی ٹی وی نیوز) جہلم شہر کی اندرونی سڑکوں اور گلیوں میں آوارہ مویشیوں کی آزادانہ نقل و حرکت شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بن گئی، سڑکوں پر گھومتے مویشی ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کے ساتھ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے اور متعلقہ اداروں کو مؤثر کارروائی کی ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے بعض علاقوں میں مال مویشی رکھنے والے افراد اپنے جانوروں کو گھروں یا مقررہ جگہوں پر باندھنے کے بجائے کھلا سڑکوں اور گلیوں میں چھوڑ دیتے ہیں، جہاں یہ مویشی دن بھر مٹر گشت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ آوارہ مویشی نہ صرف سڑکوں کے کناروں اور گرین بیلٹس میں لگائے گئے پودوں کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ اچانک سڑک کے درمیان آ جانے سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ خصوصاً موٹرسائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے یہ صورتحال انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اچانک سامنے آنے والے جانور سے بچنے کی کوشش میں گاڑیاں آپس میں ٹکرا سکتی ہیں یا موٹرسائیکل سوار توازن برقرار نہ رکھ پانے کے باعث گر کر زخمی ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکیں عوام کی آمدورفت کے لیے ہیں، انہیں مویشیوں کے لیے چراگاہ بنانا کسی صورت مناسب نہیں۔ ایک طرف شہریوں کو ٹریفک کی مشکلات کا سامنا ہے تو دوسری جانب سرکاری وسائل سے گرین بیلٹس پر لگائے گئے پودے بھی مویشیوں کی وجہ سے تباہ ہو رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی اور متعلقہ اداروں کو پابند کیا جائے کہ آوارہ مویشیوں کو سڑکوں سے ہٹانے، مالکان کی نشاندہی اور قانون کے مطابق کارروائی کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے سے پہلے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور شہر کی خوبصورتی برقرار رکھی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں