کراچی (پی ٹی وی نیوز) کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں ایڈمن سوسائٹی بلاک 4 کے قریب زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت کا ایک حصہ بدھ کو گر گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے ایک لاش اور 10 زخمیوں کو نکال کر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 سندھ کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم اطلاع ملتے ہی شاہراہ فیصل کے قریب جائے حادثہ پر پہنچی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام شروع کر دیا۔ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر موجود رہی اور ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ریسکیو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کے منظور شدہ منصوبے اور تعمیراتی معیار کی جانچ کا حکم دیا۔




