دوحہ (پی ٹی وی نیوز) پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز چیمپئن شپ میں نیپال کو 96 رنز سے شکست دے کر گروپ بی میں ناقابل شکست پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک میں کھیلے گئے میچ میں شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 168 رنز بنائے۔ ایک موقع پر ٹیم 66 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی، لیکن روہیل نذیر نے 83 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 64 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مشکل سے نکالا۔
جواب میں نیپال کی ٹیم 17.3 اوورز میں صرف 72 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد حسنین اور صوفیان مقیم نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ فتح کے ساتھ شاہینز نے تین میچوں میں 6 پوائنٹس حاصل کر کے گروپ میں پہلی پوزیشن پکی کر لی۔ اب شاہینز جمعے کو سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کا سامنا کریں گے، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا اے اور سری لنکا جمعرات کو مدمقابل ہوں گے۔




