الیاس صادق وٹوجہلم (پی ٹی وی نیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دینے والے تہرے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم سہیل محمود کو تین مرتبہ سزائے موت اور مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ مجرم نے گھریلو ناچاقی کے باعث رات کے وقت سوتی ہوئی اپنی بیوی اور دو کم سن بچوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔ یہ افسوسناک واقعہ یکم ستمبر 2025ء کو تھانہ منگلا کے علاقے آڑہ خورد میں پیش آیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق گھریلو تنازع اور ناچاقی کے نتیجے میں پیش آنے والے اس اندوہناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا تھا۔ ملزم سہیل محمود نے مبینہ طور پر رات کی تاریکی میں اپنی بیوی اور دو معصوم بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا۔ تفتیشی مراحل میں شواہد اکٹھے کیے گئے اور مقدمے کو قانونی تقاضوں کے مطابق عدالت میں پیش کیا گیا۔ مؤثر تفتیش، ٹھوس شواہد اور عدالتی کارروائی کے نتیجے میں جرم ثابت ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جہلم نے مجرم کو تین مرتبہ سزائے موت اور 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ یہ فیصلہ معاشرے کے لیے ایک سنجیدہ پیغام ہے کہ گھریلو اختلافات، غصے، انا اور وقتی اشتعال میں آ کر کسی کی جان لینا ناقابلِ تلافی جرم ہے، جس کا خمیازہ نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ خود مجرم اور اس کے اہل خانہ کو بھی بھگتنا پڑتا ہے۔ اختلافات کا حل تشدد، انتقام یا قتل نہیں بلکہ صبر، برداشت، باہمی گفت و شنید اور قانونی راستہ اختیار کرنے میں ہے۔
معاشرتی حلقوں کے مطابق اس دلخراش واقعے سے ہر شخص کو سبق حاصل کرنا چاہیے کہ گھریلو تنازعات کو اس نہج تک نہ پہنچنے دیا جائے جہاں انسانی جانوں کا ضیاع ہو۔ جرائم پیشہ اور تشدد پسند عناصر کو بھی یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ جرم کا راستہ بالآخر تباہی، رسوائی اور قانونی انجام کی طرف لے جاتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ انسان اپنی اصلاح کرے، ظلم و تشدد سے توبہ کرے۔




