مرزا عبدالجبار بیگ(پی ٹی وی نیوز) جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کے بے قابو طوفان نے غریب اور سفید پوش طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جہاں بنیادی ضرورت زندگی آٹا بھی عام آدمی کی قوت خرید سے مکمل طور پر باہر ہو چکا ہے۔ شہر اور ضلع بھر کے مختلف علاقوں، سوہاوہ، پنڈدادنخان اور نواحی دیہاتوں میں آٹا 170 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے، جس کے باعث یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور اور کم آمدنی والے خاندان ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم ہونے لگے ہیں۔
شہریوں اور سماجی حلقوں کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی اور عدم دلچسپی کے باعث چکی مالکان اور ذخیرہ اندوزوں نے خود ساختہ مہنگائی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے اور سرکاری نرخ نامے کے مطابق آٹا فروخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔




