کراچی (پی ٹی وی نیوز) بلوچ کالونی کے قریب زیر تعمیر چھ منزلہ عمارت گرنے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق جمعے کو ملبے سے مزید چار لاشیں نکالی گئیں۔ عمارت بدھ کو گری تھی جس میں پہلے روز تین افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے تھے جبکہ جمعرات کو ایک اور لاش ملی تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور امدادی کارروائی جاری ہے۔ عمارت کو تہہ خانے، گراؤنڈ فلور اور ایک منزل کی اجازت تھی مگر سات منزلیں تعمیر کی جا رہی تھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایس بی سی اے کے سربراہ کو ہٹا دیا، 16 افسران معطل کر دیے اور مالک و بلڈر کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ مقدمہ درج کر کے چار ملزمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔




