0

جہلم سمیت پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز کے استعمال، خرید و فروخت پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع، دفعہ 144 کا نفاذ برقرار

مرزا عبدالجبار بیگمرزا عبدالجبار بیگ

جہلم (پی ٹی وی نیوز) پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے آلات کے استعمال، خرید و فروخت پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے دفعہ 144 کے نفاذ کو برقرار رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خفیہ کیمروں سے لیس سمارٹ عینکوں، پین، کی چین اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء میں نصب مائیکرو کیمروں اور خفیہ ریکارڈنگ آلات کے استعمال، خرید و فروخت اور آن لائن تجارت پر پابندی عائد رہے گی۔ پابندی کا اطلاق ایسے تمام آلات پر ہوگا جو خفیہ طور پر تصاویر، ویڈیوز اور آواز ریکارڈ کرنے یا منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کوئی بھی دکاندار، تاجر یا ڈسٹری بیوٹر ایسے ممنوعہ آلات فروخت نہیں کر سکے گا۔

محکمہ داخلہ کے مطابق خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز کے ذریعے شہریوں کی نجی زندگی، حساس معلومات اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جبکہ اس پابندی کا بنیادی مقصد بالخصوص خواتین اور بچوں کی عزت، وقار اور نجی زندگی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

تاہم لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس، موبائل فونز اور پی ٹی اے سے منظور شدہ ٹرمینل آلات کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت جاری احکامات میں پابندی کی مدت مزید 30 روز مقرر کرتے ہوئے پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ نوٹیفکیشن پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں