ڈاکٹر اعجاز اعوانجہلم (پی ٹی وی نیوز) ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ کی ہدایات پر پیٹرول اور ڈیزل کی غیر قانونی کھلے عام فروخت کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سول ڈیفنس آفیسر جہلم راشد رفیق نے نتھوالہ میں واقع پیٹرول پمپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کھلے عام پیٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے پر ایک نوزل سیل کر دی۔
کارروائی کے دوران سول ڈیفنس آفیسر راشد رفیق نے پیٹرول پمپ پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کے طریقہ کار اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران کھلے عام پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت کا معاملہ سامنے آنے پر خلاف ورزی میں ملوث نوزل کو سیل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سول ڈیفنس آفیسر راشد رفیق نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی غیر محفوظ طریقے سے فروخت نہ صرف حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے شہریوں کی جان و مال اور املاک کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت مقررہ حفاظتی ضوابط کے مطابق یقینی بنانا ضروری ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی غیر قانونی کھلے عام فروخت اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پیٹرولیم مصنوعات کی محفوظ فروخت کو یقینی بنانے کے لیے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔









