0

جہلم: نہروں کی سالانہ بھل صفائی مہم کے آغاز پر اربوں روپے کے فنڈز کے شفاف استعمال پر سوالات

الیاس صادق وٹوالیاس صادق وٹو

جہلم (پی ٹی وی نیوز) جہلم محکمہ آبپاشی کی جانب سے نہروں کی سالانہ بھل صفائی (ڈیسلٹنگ) مہم کے آغاز کے ساتھ ہی مختص کیے جانے والے اربوں روپے کے فنڈز کے شفاف استعمال پر سنگین سوالات اٹھنا شروع ہو گئے۔ عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موثر نگرانی اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کے فقدان کے باعث ماضی کی طرح اس سال بھی قومی خزانے کا بڑا حصہ محض کاغذی کارروائیوں کی نذر ہو سکتا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق نہروں کی سالانہ بندش کے دوران مٹی نکالنے اور پشتوں کی مضبوطی کے نام پر بھاری تخمینہ جات تیار کیے جاتے ہیں۔ تاہم، دیہی علاقوں اور نہروں کے آخری سرے (Tail) پر آباد کاشتکاروں کا ہمیشہ موقف ہوتا ہے کہ ہر سال کروڑوں اور اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود نہروں کی گنجائش میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوتا اور فصلوں کی کاشت کے عین وقت پر انہیں پانی کی شدید قلت کا سامنا رہتا ہے۔

کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھل صفائی کے ٹھیکوں کی الاٹمنٹ سے لے کر مٹی نکالنے کی پیدائش تک کے مراحل میں شفافیت کا فقدان پایا جاتا ہے۔ متعدد مقامات پر صفائی کا کام مکمل کیے بغیر ہی جعلی بلوں کے ذریعے ادائیگیوں کی شکایات ماضی میں بھی سامنے آتی رہی ہیں لیکن ذمہ داران کے خلاف کوئی مثالی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھل صفائی کے تمام منصوبوں کی جیو ٹیگنگ (Geo-tagging) اور آزادانہ آڈٹ کو لازمی قرار دیا جائے تا کہ قومی خزانے کو ممکنہ نقصان سے بچایا جا سکے۔

دوسری جانب محکمہ آبپاشی کے حکام ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کرتے ہیں کہ بھل صفائی ایک انتہائی ضروری سالانہ عمل ہے جس کے بغیر نہری نظام کو فعال رکھنا ممکن نہیں۔ محکمانہ ذرائع کے مطابق تمام ٹھیکے قوانین کے عین مطابق شفاف طریقے سے دیے جاتے ہیں اور کام کے معیار کو جانچنے کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں، جن کی تصدیق کے بعد ہی ٹھیکیداروں کو ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں