سید مستفیض اقبال بخاریجہلم (پی ٹی وی نیوز) جہلم میں عالمی ہفتۂ آگاہی برائے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس (جراثیم میں ادویات کے خلاف مزاحمت) کے سلسلے میں مختلف آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کر دیا گیا۔ یہ ہفتہ 24 نومبر 2026ء تک منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد اینٹی بایوٹکس سمیت جراثیم کش ادویات کے غیر ضروری اور غیر محتاط استعمال کے نقصانات سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک جہلم کے تعاون سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا، جبکہ ضلعی سطح پر ایک خصوصی سیمینار بھی منعقد ہوا، جس میں متعلقہ افسران، پیرا ویٹس (مویشیوں کے علاج معالجے سے وابستہ معاون عملہ) اور کسانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر عوامی آگاہی کے لیے معلوماتی بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔

ماہرین کے مطابق اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس ایسی کیفیت ہے جس میں جراثیم ادویات، خصوصاً اینٹی بایوٹکس، کے خلاف مزاحمت پیدا کر لیتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان ادویات کی افادیت کم یا ختم ہو سکتی ہے۔ ان سرگرمیوں کا بنیادی مقصد ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا اور انسانی و حیوانی صحت کے تحفظ کے لیے شعور بیدار کرنا ہے۔










