سید مستفیض اقبال بخاریجہلم (پی ٹی وی نیوز) لاہور سے راولپنڈی جانے والی مسافر وین جہلم کینٹ چوک کے قریب اچانک آگ لگنے سے مکمل جل گئی۔ خوش قسمتی سے مسافروں کو فوری طور پر وین سے نکال لیا گیا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور کوئی مسافر زخمی بھی نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مسافروں اور قریب موجود افراد نے فوری طور پر مسافروں کو وین سے باہر نکالا، جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ وین کے مسافر خوف و ہراس کا شکار ہو گئے، تاہم بروقت انخلا کے باعث تمام افراد محفوظ رہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو عملے نے وین کو مکمل طور پر بجھایا اور جائے وقوعہ کو محفوظ بنایا۔ آگ لگنے کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔
ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ وین میں آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔




