0

دینہ میں دن دیہاڑے جیولر شاپ میں ڈکیتی، شہریوں نے پولیس کی نااہلی قرار دے دیا

راجہ نوبہارراجہ نوبہار

جہلم (پی ٹی وی نیوز) دینہ میں دن دیہاڑے جیولر شاپ میں ڈکیتی کی واردات پر شہریوں اور صرافہ برادری نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جہلم میں ڈی پی او جہلم اور ان کے عملے کی مبینہ نااہلی اور غفلت کی وجہ سے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دن دیہاڑے مین بازار میں ڈاکوؤں کا سونا لوٹ کر فرار ہو جانا پولیس کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔

واقعے کی تفصیل کے مطابق ایک ڈاکو منہ پر ماسک لگا کر گاہک بن کر دکان میں داخل ہوا، دکاندار سے 12 عدد سونے کی انگوٹھیاں چیک کروائیں، پھر دکاندار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر انگوٹھیوں والا ڈبہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔ روکنے پر ملزمان نے شہری میاں آصف کی آنکھ پر پستول کا بٹ مار کر زخمی کر دیا۔ دوسرا ڈاکو باہر موٹر سائیکل پر کھڑا تھا، دونوں فرار ہو گئے۔

صرافہ برادری اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں، دینہ سمیت پورے ضلع جہلم میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کی شفاف انکوائری کروائیں اور غفلت برتنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس نے گشت اور ناکہ بندی کا نظام بہتر نہ کیا تو تاجر برادری کو مجبوراً احتجاج کرنا پڑے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں