پیرس (پی ٹی وی نیوز) فرانس کی عدالت محاسبہ (کورٹ آف آڈیٹرز) نے انکشاف کیا ہے کہ نوجوانوں کو تربیت اور ملازمت دینے والی کمپنیوں کو دی جانے والی سرکاری سبسڈی میں دھوکہ دہی اور بے ضابطگیوں سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ آڈٹ کے مطابق سبسڈی کا 10 سے 15 فیصد حصہ دھوکہ دہی کی نذر ہو گیا۔ 2024 میں اس امداد پر تقریباً 17.5 ارب ڈالر خرچ کیے گئے، جن میں سے 1.65 ارب ڈالر دھوکہ دہی اور تین ارب ڈالر تک بے ضابطگیوں کا شکار ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جعلی ’نو شو‘ معاہدوں کے ذریعے حکومت کو دھوکہ دیا گیا، جن میں تربیت لینے والا موجود ہی نہیں ہوتا تھا۔ کئی معاملات میں ایسی تربیت کے پیسے ادا کیے گئے جو دی ہی نہیں گئی، اور ملازمت سے نکالے جانے کے بعد بھی ادائیگیاں جاری رہیں۔ یہ اسکیم صدر ایمانوئل میکرون نے نوجوانوں کی بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے شروع کی تھی۔ آڈیٹرز نے کہا کہ امداد میں اضافے کے ساتھ نگرانی اور دھوکہ دہی روکنے کے اقدامات مضبوط نہیں کیے گئے۔




