منیلا (پی ٹی وی نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 250 ملین ڈالر کا پالیسی پر مبنی قرض منظور کر لیا ہے، جس کا مقصد سرکاری و نجی شراکت داری (پی پی پی) کے نظام کو مضبوط بنانا، بنیادی ڈھانچے کی ترقی بہتر کرنا اور مالی خطرات کا بہتر انتظام کرنا ہے۔ اس مالی معاونت سے حکومت کو سرمایہ کاری کے قابل منصوبے تیار کرنے اور نجی سرمایہ راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا کہ منصوبوں کی سخت جانچ، شفاف معلومات اور مالی خطرات کا درست انتظام پائیدار بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری کے لیے ضروری ہے۔ یہ پروگرام 2024 میں منظور شدہ پہلے مرحلے کو آگے بڑھاتا ہے اور 2026 سے 2030 تک کے لیے درمیانی مدت کی پی پی پی پائپ لائن تیار کی گئی ہے۔ پروگرام کو تکنیکی معاونت کے لیے 11 لاکھ ڈالر اور ایشیا پیسیفک پروجیکٹ تیاری سہولت سے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی اضافی مدد بھی حاصل ہے۔




